لکھنؤ، 14؍مئی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بین الاقوامی یوگا دیوس کے آئندہ 21؍جون کو اتر پردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں ہونے والے عظیم الشان پروگرام کی تیاریوں کا آج جائزہ لیا۔اس پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تقریبا 55ہزار لوگ حصہ لیں گے۔ریاستی حکومت کے ایک ترجمان کے مطابق وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ملاقات کرکے یوگا دیوس پر منعقد پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا،اس دوران آیوش کی وزارت کے وزیر مملکت (آزادانہ چارج)شری پد ییسو نائیک بھی موجود تھے۔لکھنؤ سے ممبر پارلیمنٹ راجناتھ نے ریاستی حکومت کی طرف سے کی جا رہی تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کو دیکھنے سے واضح ہے کہ لکھنؤ میں منعقد ہونے والا یوگا دیوس پروگرام کامیاب ہو گا ۔اس موقع پر وزیر اعلی یوگی نے کہا کہ آئندہ 21 ؍جون کو بین الاقوامی یوگا دیوس کے موقع پر لکھنؤ کے رمابائی امبیڈکر میدان میں یوگا پروگرام کا انعقاد کیا جائے گا، اس میں وزیر اعظم نریندر مودی سمیت تقریبا 55ہزار لوگ حصہ لیں گے، یہ حکومت نہیں، بلکہ عمومی یوگا پروگرام ہو گا ۔پروگرام میں شامل ہونے کے خواہش مند لوگوں کے لیے رجسٹریشن کی سہولت بھی دستیاب کرائی جائے گی۔اس تقریب میں متعدد تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں نے شرکت کی دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مدد فراہم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔لکھنؤ میں منعقد ہونے والے یوگا پروگرام میں حصہ لینے والے شرکاء کو لانے اور لے جانے کے لیے مفت سہولیات دستیاب کرائی جائے گی۔